ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوکرین میں موجود طلبہ کو ہنگری پہنچنے کی ہدایت۔’آپریشن گنگا‘کے آخری مرحلے کا اعلان، 24 گھنٹوں میں 13 پروازیں

یوکرین میں موجود طلبہ کو ہنگری پہنچنے کی ہدایت۔’آپریشن گنگا‘کے آخری مرحلے کا اعلان، 24 گھنٹوں میں 13 پروازیں

Mon, 07 Mar 2022 12:11:12    S.O. News Service

نئی دہلی، 7؍ مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) یوکرین میں ہندوستانی سفارتخانہ نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہاں پھنسے ہندوستانی شہریوں کے انخلاء کیلئے چلایا جانے والا  ’آپریشن گنگا‘ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔  اس کے تحت سفارتخانہ نے یوکرین میں  موجود اپنے تمام شہریوں کو گوگل فارم پر اپنی تمام تفصیلات اپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی ہے ساتھ ہی انہیں پیر کو صبح 10سے 12 بجے کے دوران ہنگری کے دارالحکومت بڈا پیسٹ میں ’ہنگیرین سٹی سینٹر‘ پر پہنچ جانے کی ہدایت دی ہے۔  ہنگری میں ہندوستانی سفارتخانہ نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’ضروری اعلان:ہندوستانی سفارتخانہ آپریشن گنگا کے تحت آج سے آخری مرحلے کی پروازوں کا سلسلہ شروع کررہاہے۔  وہ تمام طلبہ جو ان ٹھکانوں پر نہیں ہیں جن کا انتظام سفارتخانہ   نے کیا ہے بلکہ اپنی ذاتی رہائش گاہوں  پر  ہیں، سے درخواست ہے کہ وہ بڈاپیسٹ میں ہنگیرین سٹی سینٹر پر صبح 10سے 12بجے کے درمیان پہنچ جائیں۔‘‘ ایسے وقت میں جبکہ یوکرین میں روس کی جانب سے مسلسل بمباری ہورہی ہے اور سفر کے ذرائع محدود  ہوگئے ہیں، سفارتخانہ نے یہ وضاحت  نہیں کی ہے کہ طلبہ ہنگری کس طرح پہنچیں گے۔

 


Share: